اومیکرون،10دن کیلئے اسکولز میں50فیصد حاضری، انڈور اجتماعات بند

50 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)اومی کرون بڑھنے کے باعث 10دن کیلئے اسکولوں میں 50حاضری، انڈور اجتماعات بندکردیئے گئے ہیں یہ فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں کیلئے کیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ملک میں وبا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں اِن ڈور اجتماعات، 12 سال سے کم عمر طلبہ کیلئے 50 فیصد حاضری سمیت متعدد پابندیاں عائد کردیں۔

نئی پابندیوں کا اطلاق 20 سے 30 جنوری تک جاری رہے گا اس دوران 27 جنوری کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا البتہ شادیوں کے لیے عائد کردہ پابندیاں فروری تک جاری رہیں گی۔

اجلاس میں وفاقی اکائیوں سے مشاورت اور غور و خوص کے بعد فیصلے کئے گئے، وہ علاقے جہاں کیسز مثبت آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے وہاں انڈور شادیوں، اور ہر قسم کی تقریبات پر پابندی ہوگی۔

آؤٹ ڈور شادیوں، تقریبات کی صرف 300 مہمانوں کی شرکت کے ساتھ اجازت ،ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر پابندی،آؤٹ ڈور ڈائننگ کی صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو اجازت ہو گی۔

صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جمز، سینما گھروں، تفریحی پارکس اور مزارات پر جانے کی اجازت ہوگی جب کہ براہ راست رابطے میں آنے والے کھیلوں مثلاً کراٹے، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیاکہ12 سال سے کم عمر بچوں کی ایک دن چھوڑ کر ایک دن 50 فیصد گنجائش کے ساتھ اسکولوں میں حاضری کی اجازت
12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے مکمل ویکسینیٹڈ ہونے کی صورت میں 100 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی۔

وہ علاقے جہاں کیسز مثبت آنے کی شرح 10 فیصد تک ہے،انڈور تقریبات، شادیوں میں صرف 300 مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات، شادیوں میں 500 مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ہر قسم کے کھیلوں کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ12 سال سیکم عمر بچوں کے لیے کووڈ پروٹوکولز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

طبی استثنٰی کے علاوہ یکم فروری سے 12 سال سے زائد عمر کے تمام طلبہ کے لیے کووڈ ویکسین کا کم از کم ایک ٹیکہ لگوانا لازمی ہے،تعلیمی اداروں میں بھرپور ٹیسٹنگ کی جائے گی اور بیماری کے زیادہ پھیلاؤ کی صورت میں متاثرہ اداروں کو بند کیا جائے گا۔

مارکیٹس، کاروباری ادارے بغیر وقت کی پابندی کے اپنا کام جاری رکھیں گے،پبلک ٹرانسپورٹ مسافروں کی 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی جس میں ہر مسافر کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا جبکہ کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے پر پابندی ہوگی۔

ریلویز میں 80 فیصد گنجائش کے ساتھ مکمل ویکسینیٹڈ مسافروں کو سفر کی اجازت ، دفاتر میں مکمل ویکسینیٹڈ ملازمین کو 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی البتہ گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اندرونِ ملک فضائی سفر کے دوران کھانے، مشروبات پر پابندی اور ماسک پہننا لازمی قرار،تمام وفاقی اکائیاں مساجد، عبادت گاہوں میں ماسک پہننے سمیت احتیاطی تدابیر کا نفاذ یقینی بنائیں گی۔

واضح رہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے بعد سے ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور کیسز کی مثبت شرح 9 فیصد سے بھی زائد ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 5 ہزار 472 کیسز سامنے آئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 717 ہو چکی ہے۔

Comments are closed.