چوہدری نثار کو ن لیگ میں قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مریم نواز

فوٹو: فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ چوہدری نثا ر علی کو واپس مسلم لیگ ن میں قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ان کا اب مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق باقی نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ان سے چوہدری نثار علی خان کی دوبارہ مسلم لیگ ن کی شمولیت کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا جس پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے دو ٹوک موقف واضح کردیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ چودھری نثار آزاد امیدوار ہیں، ان کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں، ن لیگ انہیں کیوں قبول کرے گی؟ اس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

شہباز شریف کے عشائیہ میں عدم شرکت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا رول اپوزیشن لیڈر کا رول ہے وہ اس کو نبھا رہے ہیں، پارلیمنٹیرینز کا ڈنر تھا میں پارلیمنٹرین نہیں، میرا ہر جگہ موجود ہونا بھی ضروری نہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بارے میں ہر بات کو چپقلش بنانا چھوڑ دیں، جہاں شہباز شریف خود موجود ہوں وہاں میری موجودگی ضروری بھی نہیں۔
پیپلزپارٹی پہلے شوکاز پھاڑنے کا جواب دے ، واپسی کا فیصلہ بعد میں
مریم نواز نے پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی واپسی پر جنرل سیکرٹری کی نشست چھوڑنے کے شاہد خاقان عباسی کے بیان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا جو موقف ہے میرا بھی وہی موقف ہے۔

اس معاملے پر ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان کا ایک ہی موقف ہے، اپوزیشن کا کوئی نیا اتحاد نہیں، پی ڈی ایم موجود ہے، پی ڈی ایم نے رمضان المبارک کے بعد اجلاس کا فیصلہ کیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ ، پیپلز پارٹی نے جو شوکاز پھاڑ کر ردی میں پھینکا تھا وہ اس کا جواب دیں، پھر پی ڈی ایم میں واپسی کا فیصلہ ہو گا، پی ڈی ایم کی میٹنگ آج کل میں ہونیوالی ہے۔

Comments are closed.