اے این پی کی سینئر رہنما بیگم نسیم ولی انتقال کر گئیں

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔

اے این پی کی سینئر رہنما بیگم نسیم ولی شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں،
اہل خانہ نے سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیوہ تھیں اور وہ تین بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئیں اور پارٹی میں فعال کردار ادا کرتی رہیں۔

اے این کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ آج شام 6 بجےولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

بیگم نسیم ولی خان پاکستان کی تاریخ میں قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔

بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا۔

ٹوئٹر پر بیان میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ خواتین کے اختیارات کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

Comments are closed.