کشمیر پر ہمارے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں امن اور استحکام کیلئے تصفیہ طلب تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہاکہ بھارتی قابض فورسز نے دو ہفتوں میں مزید چھ کشمیری شہید کر دیے، پاکستان ماورائے عدالت اور نام نہاد سرچ آپریشن کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے یوم پاکستان پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد کا پیغام دیا تھا، وزیراعظم نے بھی جواب دیا تاہم کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

انھوں نے کہا پاکستان کا موقف واضح ہے کہ کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ہے بھارت کو ایک بار پھر باور کرا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ 6 اپریل کو پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے، وزیر اعظم واضح کر چکے ہیں کشمیر کے تنازعے کا حل ناگزیر ہے، کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

Comments are closed.