وزیراعظم کی روٹی،نان کی پرانی قیمت بحال کرنے کی ہدایت،ایوان صدر کی سمری مسترد

اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے پرانی قیمتیں بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔ ۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس بریفنگ دی جس میں انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں بلوچستان، وزیرستان اور راولپنڈی میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

معاون خصوصی  نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے روٹی کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے روٹی کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا حکم دیا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کو اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ایوان صدر کے گفٹ اور انٹرٹینمنٹ الاؤنس بحال کرنے کی سمری مسترد کردی ہے۔

کراچی، حیدرآباد میں بارشوں سے تباہی پر اظہار تشویش
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد میں بارشوں سے تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بند معذور اور جرمانہ ادا نہ کرسکنے والے قیدیوں کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی جس میں ماہرین، سیکریٹری داخلہ، صوبائی ہوم سیکریٹریز شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ملک بھر کی جیلوں کا ڈیٹا اکٹھا کریں اور جو قیدی وکیل نہیں کرسکتے انہیں مفت قانونی مدد بھی فراہم کی جائے۔

جیل ریفارمز ایجنڈا بھی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے، جیل کے نظام کو مساوات کے تحت تبدیل کیا جائے گا جب کہ کابینہ نے کیسز جلد نمٹانے پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ہائی وے پر ہونے والے حادثات کی روک تھام کیلئے نیشنل سیفٹی روڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

کابینہ نے قومی کمیشن برائے اطفال کے قیام کی منظوری بھی دی جبکہ سول ایوی ایشن میں سروسز اور ریگولیشن کے شعبوں کو الگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

Comments are closed.