وزیراعظم شہباز شریف نےپٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نےپٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی ، انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اللہ کے فضل سے اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر پوری قوم کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں بچت اور کفایت شعاری کے ذریعے 129 ارب روپے خرچ کرکے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے کے بعض ممالک میں ایندھن کی راشننگ اور قلت دیکھنے میں آئی، تاہم پاکستان میں مؤثر منصوبہ بندی کے باعث نہ پیٹرول کی قلت پیدا ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی توانائی کا بحران سامنے آیا۔ انہوں نے اس کامیابی پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے تمام وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جتنی کمی آئے گی، وہ من و عن عوام تک منتقل کی جائے گی اور حکومت مہنگائی میں مزید کمی اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کی ثالثی کی بدولت مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوا اور اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امن معاہدے کی کامیابی میں نمایاں کردار پر خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، معاشی ٹیم اور دیگر متعلقہ حکام کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
Comments are closed.