ارجنٹینا سے شکست پر مصری کوچ حسام حسن برہم، ورلڈ کپ میں ریفری اور وی اے آر پر سنگین الزامات
فوٹو : اے ایف پی
اسلام آباد : فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں ارجنٹینا کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست کے بعد مصر کے کوچ حسام حسن نے ریفری اور وی اے آر کے فیصلوں پر شدید اعتراض کرتے ہوئے میچ کے نتیجے کو "دھوکہ” قرار دے دیا۔
منگل کو کھیلے گئے مقابلے میں مصر نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کی، تاہم دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے میچ 3-2سے اپنے نام کر لیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسام حسن نے کہا کہ وہ بدقسمتی کا بہانہ نہیں بنائیں گے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ مصر کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور ٹیم کو دھوکے سے شکست دی گئی۔
ان کے مطابق پہلے ہاف میں مصطفیٰ زیکو کا ایک گول وی اے آر کی مداخلت پر مسترد کر دیا گیا، جبکہ بعد میں اینزو فرنانڈیز کے فیصلہ کن گول سے قبل حمدی فتحی کی شرٹ کھینچے جانے کے باوجود نہ پینلٹی دی گئی اور نہ ہی وی اے آر نے اس کا جائزہ لیا۔
مصری کوچ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو نہ احترام ملا اور نہ ہی منصفانہ کھیل۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شرٹ کھینچے جانے کی تصاویر سب نے دیکھیں، مگر وی اے آر خاموش رہا۔
حسام حسن نے احتجاجاً اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ کے مزید میچز نہیں دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی ان کا احتجاج ریکارڈ کرانے کا طریقہ ہے۔
انہوں نے بیئنسپورٹس سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ شاید حکام چاہتے تھے کہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا ٹورنامنٹ میں برقرار رہے اور لیونل میسی کی مہم جاری رہے۔ ان کے بقول فٹ بال میں بعض اوقات تکنیکی فیصلوں سے بڑھ کر بیرونی عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں اور عالمی چیمپئن کو ہر سطح پر حمایت حاصل تھی۔
اس میچ میں مصر نے یاسر ابراہیم اور مصطفیٰ زیکو کے گولز کی بدولت دو گول کی برتری حاصل کی، تاہم ارجنٹینا کی جانب سے کرسٹیان رومیرو نے خسارہ کم کیا، پھر لیونل میسی نے برابر ی کا گول کیا اور اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔
میچ کے دوران لیونل میسی کی ایک پینلٹی بھی مصری گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے شاندار انداز میں بچائی، جس کے بعد میسی ورلڈ کپ کی تاریخ میں غیر شوٹ آؤٹ پینلٹیز میں آٹھ میں سے چار مواقع ضائع کر چکے ہیں۔
ارجنٹینا سے شکست پر مصری کوچ حسام حسن برہم، ورلڈ کپ میں ریفری اور وی اے آر پر سنگین الزامات
Comments are closed.