فاٹا، پاٹا ٹیکس چھوٹ پرحکومت اور پی ٹی آئی میں پیش رفت، آئی ایم ایف سے بات کی جائیگی

فوٹو : اسکرین شاٹ 

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے تحریک انصاف کے وفد نے اسد قیصر کی سربراہی میں اہم ملاقات کی، جس میں سابق فاٹا اور پاٹا کے لیے ٹیکس چھوٹ، وفاقی بجٹ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سیاسی مکالمے سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر، سینیٹر ذیشان خانزادہ اور دونوں جانب سے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے وفد نے مطالبہ کیا کہ سابق فاٹا اور پاٹا کے عوام کو حاصل ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھا جائے اور ان علاقوں پر نئے ٹیکس عائد نہ کیے جائیں، کیونکہ یہ خطے ابھی تک مکمل معاشی بحالی کے مرحلے میں ہیں۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ یہ ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا ہے اور وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فاٹا اور پاٹا سے متعلق ٹیکس معاملات پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت کرکے قابل قبول حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے حکومتی وفد کے سامنے واضح مؤقف اختیار کیا کہ سابق فاٹا اور پاٹا کے عوام پر نئے ٹیکس کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کرے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر متناسب اضافہ کیا گیا، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی بجٹ 2026-27کی مختلف تجاویز، ٹیکس اصلاحات، محصولات کے اہداف اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے قومی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حکومتی وفد نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پیش کیا گیا "میثاقِ استحکام پاکستان” کا تصور بدستور موجود ہے اور حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بامقصد سیاسی مکالمے کے لیے تیار ہے۔ اس پر تحریک انصاف کے وفد نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کے معاملے پر پارٹی کے اندر مشاورت جاری ہے اور مناسب وقت پر باضابطہ مؤقف سامنے لایا جائے گا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان حالیہ ملاقات کو نہ صرف بجٹ اور ٹیکس معاملات بلکہ مستقبل میں سیاسی کشیدگی میں کمی اور پارلیمانی رابطوں کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

فاٹا، پاٹا ٹیکس چھوٹ پرحکومت اور پی ٹی آئی میں پیش رفت، آئی ایم ایف سے بات کی جائیگی

Comments are closed.