شاہ محمودکاامریکی وزیرخارجہ کوٹیلی فون،بھارتی جارحیت سےآگاہ کیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلے فونک رابطہ، انہیں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے کہا بھارت سیاسی مقاصد اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے لیکن پاکستان اپنی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بھارت کے عزائم کے حوالے سے دنیا کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے اور پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارتی دھمکیوں کے باوجود انتہائی ذمے دارانہ رویہ اختیار کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں، بھارت یہ جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے کہا ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھگا دیا۔

Comments are closed.