اسلام آباد ہائی کورٹ کے3 ججزکا تبادلہ، انکی جگہ دیگر جج تبدیل کرکے لائے جائیں گے، اعلامیہ
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے3 ججزکا تبادلہ، انکی جگہ دیگر جج تبدیل کرکے لائے جائیں گے، اعلامیہ سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تبادلوں سے پیدا اسامیاں نئی تقرری کے لیے استعمال نہیں ہوں گی.
جوڈیشل کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائی کورٹ، جسٹس بابر ستار کے پشاور ہائی کورٹ اور جسٹس ثمن رفعت کے سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی۔
ہائی کورٹ ججز کے تبادلے پر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے دی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ کثرت رائے سے کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائی کورٹ تبادلہ کردیا، ان کا تبادلہ بھی اکثریت سے کیا گیا، جسٹس ثمن رفت امتیاز کی سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے تبادلے کا فیصلہ اکثریت سے کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلے کی سفارش واپس لے لی، پی ٹی آئی ارکان نے ججز ٹرانسفر کی مخالفت میں ووٹ ڈالا.
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفت امتیاز ہائی کورٹ سے روانہ ہوگئیں، جسٹس ثمن رفعت نے اپنا ذاتی سامان چیمبر سے پہلے ہی گھر منتقل کردیا تھا، انہوں نے اپنے عملے سے آخری ملاقات کی اور کہا کہ آپ سب کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔
اسی طرح جسٹس محسن بھی گھر روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق وہ اجلاس کے دوران ہی گھر روانہ ہوگئے تھے، پی ٹی آئی کے دونوں ممبران اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے جبکہ 27ویں ترمیم سے پہلے وہ اجلاسوں کا بائیکاٹ کرتے رہے تھے۔
سپریم کورٹ کا اعلامیہ
سپریم کورٹ آف پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کے اس اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے تبادلوں پر غور ہوا، چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا اجلاس ہوا، آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت تبادلوں کی تجاویز زیر بحث آئیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائی کورٹ تبادلہ منظور ہوگیا ہے، جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائی کورٹ تبادلہ منظور ہوگیا اسی طرح جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا سندھ ہائی کورٹ تبادلہ منظور ہوگیا ہے جب کہ دو ججوں کے تبادلوں کی درخواستیں واپس لے لی گئی ہیں۔
اجلاس میں متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی، خالی ہونے والی آسامیوں کو صرف تبادلوں سے پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تبادلوں سے پیدا اسامیاں نئی تقرری کے لیے استعمال نہیں ہوں گی.
واضح رہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی نے آج ہی وزیراعظم کو پی ٹی اے ٹریبیونل کے ممبر فنانس کی عدم تعیناتی پرذاتی طور طلب کیا تھا تاہم اس حکم پر عمل سے پہلے ہی اُنھیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے تبادلہ کا سامنا کرنا پڑا ہے.
Comments are closed.