قلندرکی آخری میچ میں بھی ہار ،ملتان سلطان نےفتح کاتاج پہن لیا
کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 29ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہر ا دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی،قلندرز کے کپتان فخر زمان اور رکی ویسل نے پہلی وکٹ پر 27 رنز کی شراکت قائم کی تو ویسل نے ہمت ہار گئے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ایونٹ کے اپنے آخری میچ میں بھی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن مایوس کن دکھائی دی، سہیل اختر 5، حارث سہیل 7، ڈیوڈ ویسے 30،گنارتنے 12 اور کپتان فخر زمان 53 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے 3، شاہد آفریدی نے 2، محمد الیاس اور کرس گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور جیمز ونس نے کیا لیکن اوپنر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور عمر صدیق 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جیمز ونس بھی 25 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے جس کے بعد شان مسعود اور جانسن چارلس نے وکٹ کے چاروں اطراف اسٹروک شارٹس کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
شان مسعود 48 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جب کہ جانسن چارلس نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویسے نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔
ملتان کی طرف سے وننگ سٹروک شاہد آفریدی نے لگایا ، یاد رہے ان دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ لاہور قلندر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت لیا تھا۔
دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں، اس لیے اس میچ کے نتیجے سے پوائنٹس ٹیبل پر کوالیفائر ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
آج دوسرا میچ شام 7 بجے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے خاصا اہمیت کا حامل ہے۔
پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
کراچی کنگز میچ جیتنے میں کامیاب رہی تو دوسری پوزیشن کے لیے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا رن ریٹ دیکھا جائے گا اور پشاور زلمی کی کامیابی کی صورت میں وہ پہلی پوزیشن کی امیدوار بن جائے گی۔
تاحال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔