کشمیر پریمیئر لیگ کیخلاف بھارتی مطالبہ آئی سی سی نے مسترد کردیا

0

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کردی ہے اور واضح کیا ہے کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ہمارا دائرہ اختیار نہیں ہے.

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک خط میں آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کشمیر پریمیئر لیگ کو منظور نہ کیا جائے کیونکہ کشمیر کی حیثیت متنازع ہے سوال کیا گیا تھا کہ کیا ایسے خطے میں میچز کھیلے جاسکتے ہیں.

میڈیا رپورٹ کے مطابق خط پر تبصرے کے لیے رابطہ کیے جانے پر آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ہمارا دائرہ اختیار نہیں ہے اس لیے ہم اس میں ملوث نہیں ہو سکتے۔

دوسری طرف بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان ‘کے پی ایل’ کے حوالے سے لفظی جنگ بھی جاری ہے اور بھارت ایونٹ رکوانے کے لیے بھی سرگرداں ہے خاص کر بھارتی بورڈ، آئی سی سی رکن ممالک پر زور ڈال رہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے روکیں۔

اس دباو کے ردعمل میں سابق جنوبی افریقی بلے باز ہرشل گبز نے بی سی سی آئی پر الزام لگایا تھا کہ وہ انہیں کے پی ایل میں شرکت سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے اور دھمکی دے رہا ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی تو انہیں بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

واضح رہے پی سی بی کی جانب سے معاملہ آئی سی سی کے ساتھ اٹھائے جانے کے عندیہ دینے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی سے لیگ کو منظور نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

کشمیر پرئمیر لیگ 6 اگست سے مظفر آباد میں شروع ہو رہی ہے بھارتی مخالفت کے باوجود غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.