آزادکشمیر اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، قائد ایوان کون؟ پیسہ یا تجربہ؟

0


مظفر آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی آج نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرے گی، قائد ایوان کیلئے انتخابی شیڈول بھی آج ہی جاری کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر اسمبلی نے نومنتخب ارکان پر مشتمل نئی حکومت کی شروعات آج صبح دس بجے اسمبلی ہال مظفر آباد میں ہونے والے اجلاس سے ہو گی۔

آج کے اجلاس میں موجودہ اسپیکر شاہ غلام قادر نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، جس کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب ہوگا،خواجہ فاروق اور چودھری انوار الحق تحریک انصاف کے امیدوار متوقع ہیں.

آزاد کشمیر اسمبلی میں اصل انتظار قائد ایوان کا ہے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے امیدواروں سے انٹرویوز کے باوجود ابھی تک اعلان نہیں کیا.

آزاد کشمیر میں نیا وزیراعظم کون ہو گا اس پر قیاس آرائیاں اور تبصرے جاری ہیں تجربے اور پیسے کے درمیان سخت معرکہ آرائی ہے، ذرائع کے مطابق ایک امیدوار میڈیا کے زریعے اپنے انتخاب کو یقینی کہلوارہا ہے.

ٹیکنوکریٹ، علما مشائخ اور سمندر پار کشمیریوں کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف نے کامیابی کے بعد مجموعی طور پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 32 ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 12 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں دونوں جماعتیں بلکہ دیگر دو پارٹیاں مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.