کیویز نے ٹیسٹ کی بادشاہت کا تاج پہن لیا، بھارت کو شکست
فوٹو: آئی سی سی
ساؤتھمپٹن ( سپورٹس ڈیسک ) نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا پہلا چیمپئن ملک ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، رنگا رنگ تقریب میں ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کیوی کپتان کے حوالے کی گئی۔
ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ برطانیہ کے ساؤتھمپٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلاگیا نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، بھارت کی پوری ٹیم 217رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں کپتان ویرات کوہلی کا حصہ 44 رنز اور اجنکیا راہانے 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے کائلی جیمی سن نے 5، نیل ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو بھارتی کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ٹم ساؤتھی کے حصے میں ایک وکٹ آئی ، کیوی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ میں بھی زبردست ڈسپلن کا مظاہرہ کیا۔
The @BLACKCAPS dressing room the moment Ross Taylor hit the winning runs in the #WTC21 Final 📹 pic.twitter.com/FAO5vuYGd8
— ICC (@ICC) June 23, 2021
کیوی ٹیم بھی پہلی اننگز میں خاطر خواں بلے بازی نہ کرسکی اور ان کی اننگز بھی 249رنز تک محدود رہی، ڈیون کانوے 54 اور کپتان کین ولیم سن 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کے محمد شامی 4، اشانت شرما 3، ایشون 2 اور رویندر جدیجا ایک وکٹ لے سکے۔
دوسری اننگز میں بھی بھارتی بیٹسمین وکٹ پر نہ جم سکے اور یکے بعد دیگر ے وکٹیں گرتی رہیں اور یوں بھارت کی دوسری اننگز کا سفر بھی 170رنز پر تمام ہو گیا،بھارتی وکٹ کیپر رشبھ پینٹ نے 41 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی ۔
دوسری باری میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4، ٹرینٹ بولٹ 3 اور کائلی جیمی سن 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، کیوی ٹیم کو پہلی ٹیسٹ چمپئن ٹیم بنے کیلئے صرف 139رنز کا ہدف ملا جو کہ اس نے صرف2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
🙌 CHAMPIONS 🙌#WTC21 Final | #INDvNZ pic.twitter.com/MnqoZ6XzKy
— ICC (@ICC) June 23, 2021
نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان کین ولیم سن 52 اور روس ٹیلز 47 رنز بناکر نمایاں رہے اور یوں کیوی ٹیم نے تاریخی فتح اپنے نام کرلی اورٹیسٹ کرکٹ کی بادشاہت کا تاج اپنے سر سجا لیا، ۔ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کائلی جیمی سن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بارش کے باعث تین دن کا کھیل ضائع ہوا تاہم فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے چھ دن ہونے کی وجہ سے میچ کا فیصلہ چھٹے دن ہوا ،فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آئی تھیں۔