پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا
اسلام آباد : گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے افتتاح کے بعد آج ملک بھر میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں این سی او سی میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دینے کا آغاز ہوا جہاں مرکزی تقریب میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اس موقع پر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دی گئی،این سی اوسی میں پمز اسپتال کی انچارج نرس رضوانہ یاسمین، ڈی ایچ او آفس اسلام آبادکے جاوید اقبال اور نجی اسپتال کےفہد محمودکو ویکسین لگائی گئی۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ نے اوجھا اسپتال میں ویکسی نیشن کا آغاز کیا، کے پی کے میں محمود خان نے ویکسی نیشن کے عمل کا افتتاح کیا اور طبی عملے کو شیلڈز تقسیم کیں۔
کوئٹہ میں انسداد کورونا ویکسی نیشن پروگرام کی تقریب وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ہوئی جہاں جام کمال نے ویکسی نیشن کا افتتاح کیا۔ پہلی ویکسین پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر آفتاب کو لگائی گئی.
وزیراعظم عمران خان نے منگل کو اسلام آباد میں ایک ہیلتھ ورکر کو کرونا وائرس کی ویکسین لگوا کر ملک بھر میں ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیاتھا.
ملک بھر میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگیا ہے ، پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنیوالے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے ۔
وفاقی حکومت نے چین کی جانب سے عطیے میں ملنے والی کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ چاروں صوبوں کو فراہم کردی ہے، سندھ کو 84 ہزار، پنجاب کو 70 ہزار، خیبرپختونخوا کو 65 ہزار اور بلوچستان کو 10 ہزار 300 خوراکیں پہنچ گئیں۔
وزیراعظم نے ویکسینیشن کے آغاز کے موقع پر کہا پاکستان کو کورونا کی 5 لاکھ خوراک پر مبنی پہلی کھیپ کی فراہمی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین ہیلتھ ورکرز اور پھر بزرگ شہریوں کو دی جائے گی، ویکسین صوبوں میں مساویانہ طور پر تقسیم ہوگی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔