پاکستان اور امریکہ سمیت 20 ممالک سے سعودیہ آنے والوں پر پابندی عائد

0

ریاض(شاہ جہاں شیرازی)سعودی عرب نے پاکستان، بھارت اور امریکہ سمیت 20 ممالک سے سعودیہ آنے والوں پر پابندی عائد کردی ہے تاہم سفارتکاروں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔

سعودی عرب داخلے پرعارضی پابندی لگانے کا اعلان سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے کیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی شہری، سفارتکار، طبی عملہ اور ان کے اہل خانہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے.

پابندی کا اطلاق بدھ 3 فروری کی رات 9 بجے سے ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی کورونا کی موجودہ صورتحال اورصحت عامہ کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ پابندی 20 ممالک سے آنے والوں پر عائد کی گئی ہے جن میں پاکستان، بھارت، امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی اور برازیل شامل ہیں۔

ان ممالک میں پرتگال، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، جاپان اور مصر بھی شامل ہیں پابندی غیر معینہ مدت کے لئے عائد کی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پابندی کا اطلاق تین فروری سے ہوگا اور پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.