سکالرشپس کے خواہشمند طلبہ و طالبات کیلئے خوشخبری
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے پاکستانی طلبہ وطالبات کی مشکل آسان کردی ہے اور تمام ملکی وبین الاقوامی سکالرشپس کی تفصیلات کو وفاقی وزارت تعلیم کی ویب سائیٹ پر لنک کر وا دی ہے۔
وفاقی وزیر کی ہدایات پر طلبہ کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔ اگر ایک ہی پروگرام کے لئے مختلف ڈونر ایجینسیز کی سکالرشپس موجود ہیں تو اس سے طلبہ کے پاس چوائس ہوگی تا کہ زیادہ موزوں سکالر شپ کا انتخاب کرسکیں۔
بیرون ممالک میں تعلیم کے خواہشمند طلبہ وطالبات کو اب مختلف ویب سائیٹس پر جا کر سکالرشپس ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں رہے گیاور تمام قابل اعتماد و مفید معلومات ایک ہی جگہ پر میسر ہونگی۔
وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت کی ویب سائٹ پر ایچ ای سی کی ملکی وغیر ملکی سکالرشپس کے علاوہ کی تفصیلات بھی دی گئی ہے جن میں مختلف ممالک کے ڈونرز کے نام بھی شامل ہیں۔
ان میں نیسٹ سکالرشپس، جائیکا سکالرشپس، کوآئیکا سکالرشپس، شیوننگ سکالرشپس، فل برائیٹ سکالرشپس، آسٹریلین ایڈ سکالرشپس، فرانس سکالرشپس، ہنگری سکالر شپس، یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن سکالرشپس، جرمن اکیڈیمک ایکسچینج سروس، چائنہ سکالرشپس کونسل، ترکی سکالرشپس اور ورلڈ بینک، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک اور اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک کی سکالرشپس کے لنکس شامل ہیں۔