بھارت کی سوشل میڈیا پر چھترول، یاسر شاہ یاد آگیا،36 رنز ٹاپ ٹرینڈ

0

ایڈیلیڈ (ویب ڈیسک ) ایڈیلیڈ میں اکیلے میں 36 رنز پر بھارتی ٹیم آوٹ ہوئی تو بھارتیوں کو یاسر شاہ کے 113 رنز یاد آگئے اوپر سے پاکستانیوں نے طنز کے نشتر چلانا شروع کر دئیے.

پوری بھارتی ٹیم 36 رنز پر ڈھیر کیا ہوئی سوشل میڈیا پر بھی ردعمل کا طوفان آگیا پاکستانیوں کے طنز نے ہندوستانیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی، 36 آل آوٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں اپنی تاریخ کی سب سے بدترین شکست کھانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم ہفتے کو دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے طنز و تنقید کی زد میں رہی اس کی ابتدا خود بھارتی کرکٹ شائقین نے کی۔

دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی جانب سے اس حوالے سے رائے کا اظہار کیے جانے پر 36 آل آوٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ جبکہ اس موقع پر پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کا خوب مذاق اڑایا۔

شائقین کرکٹ نے ہندوستانیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے دوران ایڈیلیڈ کے میدان پر ہی ٹیل اینڈر یاسر شاہ نے اکیلے 113 رنز بنا لیے تھے.

واضح رہے کہ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی کی بھارتی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے سب سے کم سکور پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا نے 90 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔

بھارت نے میچ کی پہلی اننگز میں 244 رنز بنائے اور میچ کے دوسرے دن آسٹریلین ٹیم بھی 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 53 رنز کی برتری کے ساتھ 1 وکٹ کے نقصان پر 9 رنز کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کا آغاز کیا.

بھارت کیلئے تیسرا دن بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری ٹیم صرف 122 گیندوں پر محیط اننگز میں 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارتی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا.

سب سے زیادہ 9 رنز اوپنر ماینک اگروال کے تھے،بھارت کی جانب سے پرتھوی شا 4، ماینک اگروال 9، جسپریت بمراہ 2، چتیشور پجارا 0، کپتان ویرات کوہلی 4، اجنکیا راہانے 0، ہنومن وہاری 8، وردھیمان ساہا 4، روی چندرن ایشون 0 جبکہ محمد شامی ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

36 رنز بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم سکور ہے ،اس سے قبل بھارتی ٹیم کا کم ترین ٹیسٹ سکور42 رنز تھا جب وہ 1974ء میں انگلش بائولرز کے زیر عتاب آئے تھے ۔

آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کی جوڑی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کر کے کو بد ترین شکست کا مزہ چکھایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.