چار بڑی ٹیمیں اس سال پاکستان آہیں گی، جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔مہمان ٹیم 14 سال بعد پاکستان پہنچ رہی ہے۔
جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 4 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاک افریقہ 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 11 فروری سے شروع ہوگی۔
جنوبی افریقہ کیخلاف تینوں ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاک افریقہ ٹیسٹ سیریز، کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا سکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا، دونوں ٹیموں نے 2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلیں تھیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان پر رضا مندی کا اظہار اور تین مختلف شہروں میں طویل اور محدود طرز کے کرکٹ میچز کھیلنے پر اتفاق کرنا خوش آئند ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سال 2021 کا شاندار آغاز جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی سے کرے گا، ہمیں جنوبی افریقہ کے بعد اسی سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی بھی میزبانی کرنی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ اسی سال پاکستان کو ایشیا کپ 2021 اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 میں بھی شرکت کرنی ہے۔