سنچری کے باوجود میچ فنش نہ کرنے کا دکھ ہے، بابر اعظم

0

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) زمبابوے سے سپر اوور میں میچ ہارنے کے بعد بابر اعظم نے اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئےکہ گزشتہ دو میچ ہم جیتے تھے لیکن آج شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی اور دونوں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا۔

انھوں نے کہا ہم میچ کو اچھے انداز میں ختم نہیں کر پائے جس کی وجہ ہماری چند غلطیاں ہیں، بیٹنگ میں جس طرح شراکت قائم کرنی تھی وہ نہیں کر پائے لیکن جب وہاب ریاض اور میری شراکت ہوئی تھی تو اس وقت ہمیں میچ جیت کر آنا چاہیے تھا۔

سپر اوور کے حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ فخر زمان، افتخار احمد اور خوشدل شاہ ہمارے جارحانہ کھیلنے والے بلے باز ہیں، ان کا مزاج بھی ایسا ہے اور ڈومیسٹک میں بھی اسی طرح کھیلتے ہیں اسی لیے ان کو بھیجا گیا۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت بہتری کی ضرورت ہے خاص کر فیلڈنگ میں بہتری کی اشد ضرورت ہے کیونکہ آج میچ میں کیچز گرائے گئے اور فیلڈنگ اچھی ہوتی تو ہمیں یہ ہدف نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں ہمارے ساتھ جلد بازی کا مسئلہ ہے اور شراکت نہیں کرپاتے لیکن کوشش کریں گے کہ منصوبے کے مطابق کھیلیں اور اس کے لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

میچ میں سنچری کے باوجود ٹیم کی شکست سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب میچ ہار جاتے ہیں تو سنچری سے اطمینان نہیں ملتا اور اس چیز کا دکھ ہے اس لیے آج میچ کو ختم نہ کرنے پر جو میں نے سیکھا اس پر آئندہ کام کروں گا اور ایسے حالات پیش آنے کی صورت میں میچ کو ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.