تحریک دفاع حرمین شریفین پاکستان کا اجلاس
اسلام آباد(ویب ڈیسک)تحریک دفاع حرمین شریفین پاکستان کا اجلاس سرپرست سینیٹر مولنا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں مولنا
فضل الرحمن خلیل کی رہائش گاہ پر ہوا۔
اجلاس میں تحریک دفاع حرمین شریفین کی سرپرست کمیٹی کے رکن سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، نائب صدر شاہ اویس نورانی ، سیکرٹری جنرل مولنا فضل الرحمان خلیل، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ سجاد قمر اور صہیب خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو حرمین شریفین کھولنے اور عمرہ کے آغاز پر مبارک باد پیش کی۔
ضیوف الحرمین الشریفین کی مسلسل خدمت ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔کورونا وبا ء کے دوران پاکستان سعودی عرب سمیت امت مسلمہ کے جو لوگ کام آئے ان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اور اس وباء سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ جلد پوری دنیا کے لیے عمرہ کا آغاز ہو گا۔ رہنماوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے پرانے اور گہرے رشتے ہیں۔
سعودی عرب ہمارا روحانی مرکز ہے اور اس کی عزت اور حرمت ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔انھوں نے کہا گزشتہ دنوں میں ایک ذمہ دار کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے جو حالت پیدا ہوئے اس کے ازالے کے لیے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر جناب نواف سعید المالکی نے جو کوششیں کیں وہ قابل قدر ہیں۔
سفیر موصوف حقیقت میں سعودی عرب کے لیے پاکستان کے سفیر ہیں اور ان کی خدمات اور کوششیں قابل قدر اور قابل تعریف ہیں۔اور وہ اس موقع پر انھوں نے جو کردار ادا کیا وہ فی الحقیقت بھائیوں والا کردار ہے۔انھوں نے توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح سرگرم رہیں گے۔