نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )سابق وزیراعظم نواز شریف مفرور ہیں ان کو بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہےاسلام آباد ہائیکورٹ نے طلبی کااشتہار جاری کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے 19 اکتوبر کے اخبارات میں نواز شریف کی طلبہ کا اشتہار شائع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے سیاہ سیاہی سے بیک پیج کے ایک چوتھائی حصے پر چھاپہ جائے، اشتہار لاہور اور لندن کے ایڈیشنز میں شائع ہو.
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ سے مفرور ہیں، ان کو بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اشتہار شائع ہونے کے 30 روز کے اندر نواز شریف نے عدالت کے سامنے سرنڈر نہ کیا تو انھیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔
عدالت نے اشتہار کے اخراجات حکومت کو اٹھانے کی ہدایت کی تھی جسے جمع کرا دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی تھی۔
یاد رہے کہ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے عدالت سے کہا تھا کہ شہادتیں ریکارڈ ہو گئی ہیں اور نواز شریف نے جان بوجھ کر وارنٹس وصول نہیں کیے اور اگر عدالت مطمئن ہو تو نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جائے۔
عدالت نے سوال اٹھایاتھا کہ اگر اشتہار جاری کرنے ہیں تو اس صورت میں اخراجات کون اٹھائے گا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اشتہارات کے اخراجات ریاست ہی اٹھائے گی۔
پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو اور قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر بیانات قلمبند کروائے تھے۔
نواز شریف کے وارنٹس کی دفتر خارجہ وصولی اور پاکستان ہائی کمیشن لندن بھیجنے اور ہائی کمیشن سے دفتر خارجہ سے موصول ہونے والی دستاویزات کا ڈائری رجسٹر بطور ثبوت عدالت کے سامنے پیش کیا گیاتھا۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو نے اپنے بیان میں کہا کہ تھا کہ نواز شریف کے بیٹے کے سیکرٹری وقار احمد نے انھیں کال کی اور کہا کہ وہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری وصول کریں گے۔
دلدار علی ابڑو کے مطابق اس کے بعد وقار احمد کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا کہ وہ 23 ستمبر کو دن گیارہ بجے وارنٹس وصول کریں گے لیکن مقررہ تاریخ کو برطانیہ کے وقت کے مطابق 10 بجکر 20 منٹ پر وقار احمد نے کال کر کے وارنٹس کی وصولی سے معذرت کرلی تھی۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان نے اپنے بیان میں کہا کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے وہ نواز شریف کی رہائش گاہ پر 17 ستمبر کی شام چھ بج کر 35 منٹ پر گئے مگر نواز شریف کے ذاتی ملازم محمد یعقوب نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیاتھا۔