چیئرمین نیب کا نیویارک میں ہوٹل بندش کی تحقیقات کا حکم
اسلام آباد (ویب ڈیسک )چیئرمین نیب جاوید اقبال نےنیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دے دیاہے۔
ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایت دیں کہ پاکستان کو مبینہ لاکھوں ڈالرز نقصان کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور پتہ لگایا جائے کہ ہوٹل کو بند کرنیکی ضرورت کیوں پیش آئی۔
اس حوالے سے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ معاملے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران اور ہوٹل کو منافع بخش بنانے کیلئے کام نہ کرنے والوں کا بھی تعین کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا میں ہوٹل کی فروخت کی خبریں آنے کے بعد حکومت پاکستان نے اس اہم قومی اثاثے کو فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ 1924 سے قائم روزویلٹ ہوٹل کا شمارامریکہ کے تاریخی ہوٹلوں میں ہوتا ہے اور یہ ہوٹل امریکہ اور دنیا کے مہنگے ترین علاقے مین ہٹن نیویارک میں واقع ہے۔