شہباز شریف کی ایک اور پیشی، عدالت سے ایک اور شکایت

0

ویب ڈیسک

لاہور: شہباز شریف نے احتساب عدالت پیشی پر ایک اور شکایت کی ہے پہلے کہا تھا مجھے زمین پر بٹھا کر کھانا کھاتے ہیں آج کہا کہ گھر سے کرسی منگوائی تھی نیب نے استعمال نہیں کرنے دی.

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب ٹیم نے شہباز شریف کو احتساب عدالت پیش کردیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عدالت میں شکایت کی ہے کہ انہوں نے کمر درد کے لیے گھر سے اسپیشل کرسی منگوائی تھی جو نیب نے لے لی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں فاضل جج صاحب سے کچھ کہنا چاہتا ہوں مجھے اجازت دی جائے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر مجھے کھانا دینے کے حوالےسے قابل ستائش حکم دیا، آپ کے گزشتہ نوٹس پر میرے کھانے کا معاملہ حل ہوگیا.

انھوں نے کہا جج صاحب سب کو علم ہے مجھے کمر کا درد ہے، اس کے لیے جو اسپیشل کرسی میں نے گھر سے منگوائی تھی وہ عمران خان اور شہزاد اکبر کے حکم پر نیب نے لے لی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے عام کرسی فراہم کی گئی ہے جس پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں اور کھانا کھاتا ہوں، اس کے باعث کمر درد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ایک شخص کو وہاں تکلیف دینا چاہتے ہیں جہاں اسے پہلے ہی تکلیف ہے.

سابق وزیراعلیٰ نے سوال کیا کہ یہ کہاں کا اصول اور انصاف ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ نیب والوں کو قانون کے مطابق حکم دیں، کمر درد کی وجہ سے مجھے تھراپی کروانے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے کہا کہ آپ باقاعدہ درخواست لکھ کر دیں تفصیلی حکم جاری کردیں گے۔ عدالت نے شہباز شریف کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.