ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو ٹھکانے لگا کرٹاپ پوزیشن حاصل کر لی

0

فوٹو : فائل

راولپنڈی ،ملتان(راجہ محمد عمران ) پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے کر اب تک کے پوائنٹ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔

ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے  گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بالترتیب 16 اور 13 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ الیکس ہیلز بھی 29 رنز ہی بناسکے جب کہ کیمرون ڈیلپورٹ کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی۔

چاڈوک والٹن 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان عماد وسیم بھی صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، کراچی کنگز کی آخری امید افتخار احمد کے آؤٹ ہونے پر دم توڑ گئی وہ بھی 14 رنز ہی بناسکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر 3، شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے 2،2 جب کہ معین علی، محمد عرفان اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز معین علی اور زیشان اشرف نے کیا تاہم صرف 31 کے مجموعی اسکور پر زیشان اشرف آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان شان مسعود اور اوپنر معین علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نصف سنچریاں مکمل کیں، اوپنر معین علی نے 65 اور شان مسعود نے 61 رنز بنائے.

ملتان سلطان کے ریلی روسو صرف 8 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، روی بوپارہ بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے۔

کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے میچ کا وقت تین بجے مقرر تھا جبکہ پنڈی سٹیڈیم میں آج کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانا ہے ہے۔ رات 8 بجے ہونے والا یہ میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھی۔ جبکہ ملتان سلطانز چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ چار میچ کھیل کر چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، کراچی کنگز کے دو میچز میں دو پوائنٹس جبکہ پشاور زلمی کے تین میچوں کے بعد دو پوائنٹس ہیں۔

حسب معمول لاہور قلندرز دو میچوں میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے تاہم آج لاہور قلندر کی بارش کے باعث لاٹری نکلنے اور ایک پوائنٹ ملنے کے امکانات بھی روشن ہیں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.