بھارتی رکاوٹوں کے باوجود افغان امن معاہدہ بڑی کامیابی ہے، شاہ محمود
فوٹو : اے ایف پی
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے دوحہ میں اس وقت 2 موضوع زیر بحث ہیں جن میں ایک امن معاہدہ اور دوسرا نئی دہلی کی تشویشناک صورتحال ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہادہلی میں نسل کشی کی جو صورت حال دنیا کو ابھرتی دکھائی دے رہی ہے وہ بھی زیر بحث ہے، دنیا کا تمام میڈیا اس پر بات کر رہا ہے اور فارن ریلیشنز کمیٹی کے جو اہم ممبران ہیں وہ اس پر اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوحہ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت نے افغان امن معاہدے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی پوری کوشش کی تاہم اس کے باوجود اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
شاہ محمود قریشی نے افغان مفاہمتی عمل اور بھارت کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے آ ج دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا امید ہے کل امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے اور اس تقریب میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت 50 ملکوں کے نمائندے شریک ہوں گے’۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو دعوت دی گئی کہ وہ اس سارے عمل کا حصہ بنے اور شرکت کرے، یہ ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دنیا کے دانشور، اداکار اور گلوکار بھی اس پر بات کر رہے ہیں، پاکستان کا تشخص ابھر رہا ہے اور بھارت کا نیچے جا رہا ہے۔