انتقام یا ڈسپلن؟ کامران اکمل، سلمان بٹ اور عمر اکمل پھر نشانے پر
فوٹو : فائل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)انتقامی کارروائی یا ڈسپلن سابق کپتان سلمان بٹ، کامران اکمل اور عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے پر جرمانہ بھگتنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔I
یاد رہے یہ تینوں کرکٹرز قومی ٹیموں سے نظر انداز کیے جاتے ہیں کامران اکمل دو دفعہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین بیٹسمین اور وکٹ کیپر قرار پا کر بھی قومی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے لیکن پھر بھی احتساب کی قینچی کام کر رہی ہے.
ذرائع کے مطابق تینوں فٹنس ٹیسٹ میں مطلوبہ معیار حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، ان کے مکمل فزیکل فٹنس ٹیسٹ 28 جنوری کو ہوئے تھے جس میں تینوں سابق کھلاڑی سوائے رننگ کے کسی بھی ٹیسٹ میں مطلوبہ معیار حاصل نہ کرپائے۔
تینوں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ قومی ٹیم کنڈیشنگ اینڈ اسٹرینتھ کوچ یاسر ملک نے لئے تھے، کرکٹرز نے ابھی تک صوبائی ٹیموں کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط بھی نہیں کیے ہیں۔ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہ کر پانے پر تینوں کو جرمانے کرنے پر غور بھی جاری ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اب تک صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے کی پاداش میں بھی تینوں کے خلاف کارروائی پر غور جاری ہے، صوبائی ٹیموں کے مینجرز اور کوچز نے صوبائی کنٹریکٹ کے معاملے پر پی سی بی سے پالیسی واضح کرنے کامطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب یہ بات بھی ریکارڈ پر موجود ہے فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے کے باوجود بھی بعض کھلاڑی غیر ملکی دورے میں بھی شامل ہو گئے تھے لیکن متذکرہ کرکٹرز کو قومی ٹیم میں شامل نہ کرنے کے باوجود آزمائشیں جاری ہے.
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل تو میڈیا کا پسندیدہ ٹاپک ہیں خاص کر ملک کا ایک بڑا میڈیا گروپ اور اس کے اینکرز عمر اکمل کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے اور ان کی ہر بات کو سکینڈلائز کردیا جاتا ہے، احمد شہزاد بھی اسی مہم کے ڈسے ہوئے ہیں.