پاکستان کرکٹ ٹیم کا 2020ء میں مصروفیت کا مکمل شیڈول جاری
فوٹو : فائل
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کا 2020ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے مکمل شیڈول جاری کر دیا گیاہے، قومی ٹیم اس سال 7 ٹیسٹ میچز کھیلے گی.
قومی کرکٹ ٹیم آج سے شروع ہونے والے نئے سال میں ایشیا کپ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت مختلف انٹر نیشنل ایونٹس میں حصہ لے گی۔ 7 ٹیسٹ، 12 سے زائد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔
آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق پاکستان کو 2020ء میں اپنی مہم جوئی کا آغاز جنوری فروری میں اپنی سرزمین پر بنگلا دیش کے خلاف کرنا ہے.
شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے ہیں تاہم ٹیسٹ میچز کے حوالے سے سے ابھی ابہام موجود ہے لیکن چونکہ یہ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہیں اس لئے بنگلہ دیش کے لئے نہ آنا مشکل فیصلہ ہوگا۔
بنگلا دیشی بورڈ اس دورے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ اس ہوم سیریز کے بعد قومی ٹیم جولائی میں تین ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے ہالینڈ جانا ہے۔
انگلینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جولائی، اگست میں رکھی گئی ہے۔ گرین شرٹس کا اگست میں دو ٹی ٹونٹی میچوں میں آئرلینڈ سے بھی سامنا ہوگا۔
برطانوی سرزمین پر میزبان ٹیم کیخلاف اگست، ستمبر میں پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لے گا۔ بنگلا دیش، پاکستان، افغانستان اور بھارت سمیت چھ ٹیموں پر مشتمل ایشیا کپ ستمبر میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم اکتوبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی کھیلے جائیں گے۔ اکتوبر، نومبر میں گرین شرٹس آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کیلئے آسٹریلیا جائے گی ۔
پاکستان نومبر دسمبر میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل ہوم سیریز میں زمبابوے کی میزبانی کرے گا، قومی ٹیم دسمبر، جنوری میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی کھیلنے کیلئے نیوزی لینڈ جائے گی۔
گزشتہ سال 2019ء قومی ٹیم کے لئے مشکل ثابت ہوا ۔ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں کامیابی سے پہلے ناکامیاں زیادہ ملیں ۔ عابد علی اور شاہین شاہ کی صورت میں ٹیسٹ کرکٹ میں نئے چہرے ہیرو بنے۔
سال 2019 کے دوران پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 6 ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا جن میں سے 4 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا رہا، ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ بارش کی وجہ سے ایک میچ کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ٹاپ پر رہے۔ انھوں نے 6 میچوں میں 3 سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 616 رنز بنائے۔ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 17 وکٹیں حاصل کیں ۔