وفاقی کابینہ نےآرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری دے دی
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے آرمی چیف سمیت تینوں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا.
حکومت کی جانب سے پرویز خٹک، عامر ڈوگر، علی محمد خان اور اعظم سواتی پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہےجو اپوزیشن سے آرمی ایکٹ میں ترمیم پر مذاکرات کرے گی۔
آرمی ایکٹ میں ترمیم سپریم کورٹ کےاحکامات کی روشنی میں کی گئی ہے جس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت اورتوسیع کاطریقہ کاروضع کیاگیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے دوران ہی وزیراعظم نے آج قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں خیبر پختون خوا اور پنجاب کے وزرائے اعلی بھی شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم کے طلب کردہ اس خصوصی اجلاس میں روزمرہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے متعلق صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا جائزہ لیاجائے گا.
صوبائی حکام قیمتوں میں کمی کے حوالے سے صوبائی اقدامات پر بریفنگ دیں گے جبکہ قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان نے ینگ پارلیمنٹیرینز کا اجلاس بھی طلب کرلیا جس میں دونوں ایوانوں میں قانون سازی کے لئے موثر کردار پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم نوجوان اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی سے موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کریں گے اور انہیں پاکستانی نوجوانوں سے متعلق ینگ پارلیمنٹرینز کو اہداف دینا چاہتے ہیں ۔