قائد اعظم ٹرافی،سینٹرل پنجاب فاتح،عمران بیٹسمین، نعمان بالر، کامران بہترین وکٹ کیپر
کراچی(سپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی سینٹرل پنجاب نےنادرن کو ہرا کر اپنے نام کر لی، جیت لی، فائنل میچ کے مین آف دی میچ عمر اکمل نے 218 رنز کی لمبی اننگ کھیل کر ایک بار پھر سلیکشن کمیٹی کے دروازے پر دستک دے دی ۔
کراچی میں میں کھیلے گئے فائنل میچ میں 412 کا خسارہ پانے والی ناردرن کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی لیکن405 رنز پر حوصلہ ہار دیا اور سینٹرل پنجاب نے اننگز اور16 رنز سے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا.
ناکام سائیڈ کے اوپنر حیدرعلی 134 اور مڈل آرڈر بیٹسمین علی سرفراز 81 اور روحیل نذیر70رنز بنانے میں کامیاب رہے۔پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ ظفر گوہر کے نام، عمران بٹ بہترین بیٹسمین اور نعمان علی بولرکی ٹرافی لے اڑے ،کامران اکمل کو بہترین وکٹ کیپر قرار دیاگیا.
فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ ایک کروڑ کی انعامی رقم کا چیک پیش کیاگیا ، رنر اپ سائیڈکو50 لاکھ کا کیش ایوارڈ دیاگیا نیشنل اسٹیڈیم میں پانچ روزہ قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن نے چوتھے دن دوسری اننگز کو 2وکٹ 109رنز سے آگے بڑھایا، اوپنر حیدرعلی نے انفرادی اسکور کو 50 رنز سے جاری کیا.
فیضان ریاض نے 22 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، ان کا کیچ بابراعظم نے بلال آصف کی گیند پر تھاما، حیدر اور فیضان کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 70 رنز کی شراکت بنی، اس کے بعد انڈر19 ٹیم کے ایک اور اسٹار روحیل نذیر نے حیدر علی کو جوائن کیا.
چوتھی وکٹ کیلیے 62رنز کی ساجھے داری بناکر حریف بولرز کے اعتماد کو متزلزل کیا، خطرناک ہوتی اس شراکت کا خاتمہ بھی بلال آصف کے ہاتھوں ہوا، انھوں اوپنر حیدر علی کی بیلز اڑادیں، انھوں نے میدان بدر ہونے سے قبل 204 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 134رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 22 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔
پانچویں وکٹ کیلیے مزید95رنز کی شراکت داری نے ناردرن کے ریسکیو آپریشن کو تقویت بخشی، تاہم روحیل 96 گیندوں پر 70رنز بنانے کے بعد احسان عادل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے.
ٹیم کو 400 کے ہندسے تک پہنچانے کے بعد علی سرفراز کی ہمت بھی جواب دے گئی، وہ 119 بالز پر 81 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کی گیند پر فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد نعمان علی اور وقاص احمد کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس ہوگئے۔
انھیں بھی بلال آصف نے اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے قابو کرلیا، صدف حسین بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جبکہ محمد موسی کھاتہ کھولے بغیر ناٹ آؤٹ رہے، پوری ٹیم111.3 اوورز میں 405رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی.
آف اسپنر بلال آصف نے 31.3 اوورز میں 112رنز کے عوض 8 شکار کیے، ایک ایک وکٹ احسان عادل اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی، سینٹرل پنجاب کیلیے ڈبل سنچری جڑنے والے عمر اکمل اور بولنگ میں تباہی مچانے والے بلال آصف کومشترکہ طور پر میچ کے بہترین پلیئرز قرار دیاگیا۔
سینٹرل پنجاب کے ظفرگوہر کو مجموعی طورپر 458رنز اور 38وکٹیں حاصل کرنے پر ایونٹ کا بہترین پلیئر قرار دیاگیا، بلوچستان کی ٹیم میں شامل عمران بٹ کو 934رنز بٹورنے پر بہترین بیٹسمین ، 54 شکار کرنے والے ناردرن کے نعمان علی بہترین بولر کی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔
فاتح ٹیم کے تجربہ کار پلیئر کامران اکمل کو بہترین وکٹ کیپر چناگیا، انھوں نے مجموعی طور پر 41 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے عقب میں ٹھکانے لگایا، سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو 1کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی، ناردرن کی ٹیم رنرزاپ کی حیثیت سے 50لاکھ روپے کی حقدار رہی۔