سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان پر بہت خوش ہوں، ارجنا راناٹنگا
فوٹو : فائل
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)عالمی کرکٹ کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا نے کہا ہے سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کےلیے جا کر بہت اچھا کیا ہے.
سری لنکا کے سابق کپتان اور عظیم کرکٹر نے کہاکہ پاکستانیوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اب ہماری باری ہے میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم وہاں پر کھیل کا اصل فارمیٹ کھیل رہی ہے۔
سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ جہاں پر ٹوٹا تھا 10 برس بعد وہیں سے جوڑ چکی ہے، آئی لینڈرز کو پہلی بار ورلڈ کپ چیمپئن بنوانے والے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا بھی اس پر بہت خوش ہیں.
انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر بہت زیادہ خوش ہوں کہ ہماری ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے وہاں پر پانچ روزہ فارمیٹ کھیلنے کیلیے جاکر بہت بڑے دل کا مظاہرہ کیا.
انھوں نے کہا میرے خیال میں یہی کھیل کا اصل فارمیٹ اور مجھے یقین ہے کہ اس سے پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں آسانی ہوگی، پاکستان کرکٹ کی مدد کرنے کی باری اب ہماری ہے۔
رانا ٹنگا نے کہاکہ 1996 کے ورلڈ کپ میں جب خراب حالات کی وجہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا دورہ کرنے سے انکار کیا تو پاکستان نے ہی اس وقت ہماری مدد کی تھی، ہم اس جذبہ خیر سگالی کو کبھی نہیں بھول سکتے۔
انھوں نےاس وقت ثابت کیا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان کے کتنے قریبی تعلقات ہیں، ان کی وجہ سے ہی میگا ایونٹ میں ہمارا کھیل بہتر ہوا۔
یاد رہے کہ آئی لینڈرز کی جانب سے محدود اوورز کی پاکستان میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپسی پر بورڈ کے چند آفیشلز کے غلط بیانات پر بھی ارجنا رانا ٹنگا نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا