راولپنڈی ٹیسٹ، سری لنکا نے لنچ تک بغیر کسی نقصان کے 89 رنز بنا لئے
فوٹو : ٹوئٹر پاکستان کرکٹ
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں کھانے کے وقفہ تک سری لنکا نے بغیر کسی نقصان کے 89 رنز بنا لیے.
ابھی جب دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے سیشن کا اختتام ہوا تو کرونا رتنے 57 اور فرنینڈو 26 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں.
شاہین شاہ آفریدی،محمد عباس، عثمان شنواری اور نسیم شاہ پر مشتمل پاکستان کی پیس بیٹری پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ لے سکی، عثمان شنواری نے آج ڈیبیو بھی کیا ہے.
اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر وکٹ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دے کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کرونا رتنے کا کہنا تھا ہمارے پلیئرز ایسی کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی ہیں اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی، عابد علی اور عثمان شنواری ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے عابد علی اور بولنگ کوچ وقار یونس نے عثمان شنواری کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔
اظہر علی کا کہنا تھا وکٹ کو دیکھ کر چار فاسٹ بولرز کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے، یاسر شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا۔
یاد رہے پاکستان کے تمام 11 پاکستانی کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں حالانکہ اظہر علی 75 اور اسد شفیق 71 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں لیکن دونوں نے سری لنکا کے خلاف کوئی ٹیسٹ پاکستان میں نہیں کھیلے ہیں ۔