پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ کل کھیلا جائے گا
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ کل کھیلا جائے گا، پہلے یہ میچ اتوار کو شیڈول تھا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث دوسرا میچ پیر تک ری شیڈول کیا گیا.
تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 29 ستمبر اتوار کو کھیلا جانا تھا تاہم موسم اور گراؤنڈ کی صورتحال کے پیش نظر اب دوسرا ون ڈے پیر 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے مطابق میچ کو ری شیڈول کرنے کا مقصد گراؤنڈ اسٹاف کو میدان کھیل کے قابل بنانے کیلئے درکار وقت دینا تھا، سری لنکن ٹیم منجمنٹ کا شکریہ کہ انہوں نے پی سی بی کے فیصلے سے اتفاق کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین کرکٹ اتوار کیلئے خریدے گئے ٹکٹوں کو پیر کے میچ میں استعمال کرسکتے ہیں جبکہ ری فنڈ پالیسی کے تحت جمعہ کے میچ کیلئے خریدے گئے ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیے جائیں گے یا پھر شائقین چاہیں تو اسے دوسرے یا تیسرے ون ڈے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔
ساتھ ساتھ جو مداح اتوار کیلئے خریدے گئے ٹکٹ پر پیر کو میچ دیکھنے کے خواہشمند نہیں وہ بھی ٹکٹ ری فنڈ کرواسکتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ بھی 2 اکتوبر کو کراچی میں ہی ہونا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا ۔
پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جب کہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
نیشنل اسٹیڈیم تالاب کا منظر پیش کرنے لگاتھا جب کہ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر بارش تھمنے کا انتظار کرتے رہے۔بارش رکنے کے باوجود گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔