پاکستان سپرلیگ کے 9 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیاگیا

53 / 100

فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان سپرلیگ کے 9 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیاگیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور سے ہوگا۔

ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا، دونوں ہی ٹیمیں 2، 2 مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

پی ایس ایل ایونٹ 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، چھ ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایونٹ کے 34 میچوں پر مشتمل اس ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کراچی 11 میچوں کی میزبانی کرے گا، جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں شائقین 5 میچز دیکھ سکیں گے۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا، قذافی اسٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا جبکہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر 5 میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی 4 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی لاہور اور راولپنڈی میں 3، 3 میچ کھیلے گی.

ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔گزشتہ ایڈیشن کی طرح پی ایس ایل کا 9واں ایڈیشن بھی 2 مرحلوں میں ہوگا.

جس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا، جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ میں 4 شہروں میں ٹی 20 کرکٹ کی خوبصورتی نظر آئے گی، ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

Comments are closed.