خواجہ آصف نے فیض آباد دھرنا کمیشن کو بیان ریکارڈ کرادیا

50 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ آصف نے فیض آباد دھرنا کمیشن کو بیان ریکارڈ کرادیا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف فیض آباد دھرنا کمیشن کے سامنے بطور سابق وزیر دفاع پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کروایا۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف تا حال کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ شہباز شریف وکیل کے ذریعے بیان جمع کروائیں گے۔

خواجہ آصف نے ” ایکس” (ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ آج فیض آباد دھرنا کمیشن میں پیش ہوا۔ بیان نامکمل رہا انشاء اللہ جلد مکمل ہوجائے گا۔۔ میری ناچیز رائے ہے کہ کمیشن کی کارروائی کی میڈیا کوریج ہو۔ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کے ساتھ 75 سال میں کیا کھلواڑ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں جتنے کمیشن بنے ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے گناہوں کا سامنا کریں اور کفارہ ادا کریں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں 2017 میں تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے کے وقت شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں نگراں حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔

Comments are closed.