الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کا انتخاب لڑنے کے لیے قواعد وضوابط جاری

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کا الیکشن لڑنے کے لیے اہلیت کے معیار سے متعلق قواعد جاری کردیئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست کے لئے امیدوار پاکستان کا شہری اور 25 سال سے کم عمر نہ ہو، امیدوار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو، صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار متعلقہ صوبے کا ووٹر ہو، قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔

ای سی پی کی جانب سے قواعد میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کی اہلیت و نا اہلیت کی تفصیلات آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 میں درج ہیں ، جنرل نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہے ، خواتین اور غیرمسلم نشستوں کے تجویز اور تائید کنندگان کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونالازم ہے، قومی اسمبلی کی غیر مسلم نشستوں کے لیے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ ووٹر ہوں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ متعلقہ سیاسی جماعت کی ترجیہی فہرست ہو، انتخابی اخراجات کے حوالے سے ہر امیدوار یا تو کسی بھی شیڈول بینک میں خصوصی اکاوٴنٹ کھولے گا یا پہلے سے موجود بینک اکاوٴنٹ کی تفصیل کا غذات نامزدگی میں درج کریگا۔

انتخابی امیدوار کو ہدایت کی گئی ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت بینک اسٹیٹمنٹ منسلک کرنا لازمی ہو گا، بینک اسٹیٹمنٹ کے اجراء کے وقت امیدوار اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بینک اسٹیٹمنٹ میں ٹرانزیکشنز کی تفصیلات درج ہیں، خصوصی بینک اکاوٴنٹ یا پہلے سے موجود بینک اکاوٴنٹ جسے امیدوار اپنی انتخابی اخراجات کے لیے استعمال کرے گا وہ سنگل اکاوٴنٹ ہو گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی اشٹامپ پیپر پر دے گا، اس کی تصدیق اوتھ کمشنر سے کروائے گا، کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنی / اپنے بیوی / شوہر اور زیر کفالت بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیل فارم بی میں درج کرے گا، کاغذات نامزدگی امید وار یا اس کے تجویز کنندہ ، تائید کنندہ کی جانب سے تحریری طور پر مجاز شخص جمع کروا سکتا ہے۔

ای سی پی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مجاز شخص کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی اتھارٹی لیٹر کی تصدیق نوٹری یا اوتھ کمشنر کی جانب سے ہونا لازم ہے، کاغذات نامزدگی میں اگر کوئی خانہ امیدوار سے متعلقہ نہ ہو تو وہاں این اے لکھ دیا جائے، امیدوار اپنی تازہ ترین تصویر کاغذات نامزدگی پر مخصوص جگہ پر چسپاں کرے گا۔

Comments are closed.