قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں،ائیر چیف

50 / 100

فوٹو: پی اے ایف

اسلام آباد: پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں،ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دورے کے دوران، ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔

اس موقع پر چیف آف دی ائیر سٹاف نے بیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہاء پسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

انہوں نے بیس اہلکاروں کی حوصلے آفزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لیئے بروقت مدد فراہم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا "موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ "

سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔

Comments are closed.