خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن ، آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا، پی ٹی آئی کی 14 نشستیں

46 / 100

فائل:فوٹو

پشاور :خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا، پی ٹی آئی نے 14 نشستیں حاصل کرلیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں ولیج اور نیبرہڈ کونسل کی تمام 72نشستوں کے غیرحتمی نتائج و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں۔

نتائج کے مطابق سب سے زیادہ آزاد امیدوار40نشستوں پر کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی بلدیاتی ضمنی انتخابات میں14نشستیں لینے میں کامیاب رہی۔

علاوہ ازیں جے یو آئی 6 اور جماعت اسلامی نے 5نشستیں حاصل کیں، اے این پی4، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین 2نشستوں پر کامیاب قرار پائی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی بلدیاتی الیکشن میں ٹی ایل پی کو ایک نشست ملی۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاور کی 6 میں سے 3 نشستیں پاکستان تحریک انصاف نے جیت لیں، گھڑی بنات ون، گھڑی فضل خالق اور نودھیہ بالا کی نشست پر تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی۔

ویلج کونسل ریگی یوسفزئی کی نشست پر جے یو آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ ویلج کونسل معروف زئی کی نشست عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے جیت لی اور گھڑی بنات چار کی نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی سمیٹی۔

سوات کی تین ویلج کونسلز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ویلج کونسل بریکوٹ میں کسان کونسلر کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امجدعلی 578 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ویلج کونسل ڈوغلگے مٹہ کی یوتھ کونسلر کی نشست پر جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے عبدالرحمان 649 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ویلج کونسل قلاگے کی یوتھ کونسلر کی نشست پر آزاد امیدوار شاہد اقبال نے 625 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔

کوہاٹ میں ویلج کونسل کی نشست پر آزاد امیدوار محمد ناصر 1169 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ویلیج کونسل 13 رحمان آباد میں آزاد امیدوار تنویر انجم نے 571 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ باجوڑ میں یوتھ کونسلر کی واحد نشست پر آزاد امیدوار اسلام الدین کامیاب ہوگئے، انہوں نے 550 ووٹ حاصل کئے۔

نوشہرہ درشی وارڈ نمبر 2 میں پی ٹی آئی پی کے امیدوار عبد العزیز نے 617 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ جمعیت علماء اسلام ف کے حمایت یافتہ امیدوار مظہر 380 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

نوشہرہ تحصیل جہانگیرہ ایوب آباد وارڈ 9 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار عالمگیر 575 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

Comments are closed.