اسلام آباد ہائی کورٹ کامراد سعید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس اور ایف آئی اے کو مراد سعید کے خلاف تادیبی کاروائی سے روک دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مقدمات کی تفصیلات آنے تک مراد سعید کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے مراد سعید کی درخواست پر سماعت کی۔ پٹیشنر مراد سعید کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف پی ٹی آئی نے احتجاج کیا ، ان کے موکل نے سوات میں اس احتجاج کی قیادت کی۔

پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا۔ میڈیا کے ذریعے علم میں آیا کہ ن لیگ کے کارکنان کی درخواستوں پر یہ مقدمات درج ہوئے۔ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں میں جاری انکوائری اور تفتیش کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

وزیر داخلہ بھی مراد سعید کو اعلانیہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ شدید سیکورٹی خدشات کے باوجود سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پٹیشنر کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جائیں۔ عدالت نے کہا فریقین کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں، مناسب احکامات جاری کریں گے۔

Comments are closed.