جے آئی ٹی نے عمران خان و دیگر رہنماوٴں کو آج پھر طلب کر لیا

45 / 100

فائل:فوٹو
لاہور: پنجاب میں  تحریک انصاف کے رہنماوٴں پر مقدمات کی تفتیش کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماوٴں کو تیسری بار طلب کر لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماوٴں کو آج 12 بجے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اب تک صرف اسد عمر نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروایا ہے۔

عمران خان کے علاوہ جن پی ٹی آئی کے رہنماوٴں کو جے آئی ٹی نے تیسری بار طلب کیا ہے ان میں فواد چودھری، حماد اظہر، اعجاز چودھری، مسرت جمشید چیمہ، فرخ حبیب، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

جے آئی ٹی تحریک انصاف کے رہنماوٴں اور کارکنوں کے خلاف مختلف تھانوں میں درج ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور پولیس پر تشدد کے مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔

جے آئی ٹی نے دو روز قبل 5 مارچ کو بھی سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماوٴں کو طلب کیا تھا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنما پیش نہیں ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ جے آئی ٹی کی طرف سے پہلی دفعہ بلانے پر صرف اسد عمر نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی رہنما پیش نہیں ہوا تھا۔

Comments are closed.