سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر

2ججزکاسپریم جوڈیشل کونسل کو خط

50 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا گیا، یہ ریفرنس بلوچستان بار کونسل کی جانب سے دائر ہوا ہے.

ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور سپریم کورٹ کے جج کی مبینہ آڈیو لیک کو بنیاد بنایا گیا، ریفرنس میں کہا گیا کہ جسٹس مظاہر نقوی کے حوالے سے سامنے آنے والی آڈیوز نہایت اہمیت کی حامل ہیں.

ریفرنس میں کہا گیا کہ تمام شواہد اور حالات جج کی شہرت کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ جج کے بیٹے لاہور میں وکالت کررہے ہیں۔

جسٹس مظاہرنقوی اپنے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے اپنے بیٹوں کی سرپرستی کر رہے ہیں اس وجہ سے ان کے بیٹوں کو ہائی پروفائل مقدمات میں وکیل مقرر کیا جاتا ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ جسٹس مظاہرنقوی نے اپنی آمد ن سے زائد اثاثہ جات بھی بنا رکھے ہیں، عوام اور بارز کے اعتماد کیلئے جسٹس مظاہرنقوی کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

جسٹس فائز اور جسٹس طارق مسعود کا سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل کو خط

دوسری طرف سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج قاضی فائزعیسٰی اور جسٹس طارق مسعود نے سپریم جوڈیشل کونسل کے ارکان کو خط لکھا ہے۔

یہ خط سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس امیر محمد بھٹی کو لکھا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلا کر جج پر لگے الزامات اگر غلط ہیں تو جائزہ لیا جائے، جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کے خلاف پاکستان بار نے شکایت بھجوائی، سپریم جوڈیشل کونسل آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت قائم کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا چیف جسٹس! ہم انتظار کررہے ہیں آپ کب جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلاتے ہیں؟ اجلاس بلا کر تعین کیا جائے جسٹس مظاہر نقوی پر الزامات درست ہیں یا غلط.

خط میں کہا گیا ہے کہ اگر الزامات غلط ہیں توجج کی عزت بحال کی جائے، اگر الزامات درست ہیں تو آئین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جج پر الزامات سے جج اور عدلیہ کی عزت پر حرف آ رہا ہے، عدلیہ کی آزادی اوراس پرعوام کے اعتماد کیلئے ضروری ہے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس فوری بلایا جائے۔

گزشہ دنوں ملک کی بار کونسلز نے بھی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک کے معاملے پر سپریم کورٹ کے جج مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف بلوچستان بار کونسل سمیت دیگر نے ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں،واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود خود بھی سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن ہیں۔

Comments are closed.