خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

45 / 100

فائل:فوٹو

 اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین  عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اٹھارہ اپریل کو پیش ہونے کاحکم دیدیا ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اور ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے عمران خان کو 18 اپریل کوپیش ہونے کا حکم دے دیا۔

 جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خاتون جج دھمکی کیس میں حاضری سے آج استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کے وکلا نے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کردی۔

وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، سکیورٹی واپس لینے پر ہائیکورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے۔

پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے عدالت میں عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی دائر درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیے کہ عمران خان غیرحاضرہیں، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیاجائے۔ وزیرآباد کا بہانہ سن سن کر کان پک گئے ہیں۔2 دن پہلے وزیرآباد نہیں تھا جب ہائیکورٹ پیش ہوئے؟ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی گئی۔گزشتہ سماعت پر جج نے کہا بہت بار استثنا دیا جا چکا، جس کے بعد ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت میں مزید کہا کہ عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ حاضر نہ ہونے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔ پراسیکیوٹر نے اپنے اعتراض میں کہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں بلکہ صرف ان کے وکلا کے دستخط ہیں۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے حاضری سے استثنا کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

فاضل جج نے وکلا اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی جانب سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ  محفوظ کرلیا، جسے بعد ازاں جاری کردیا گیا، جس میں عدالت نے عمران خان کی حاضری استثنیٰ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور 18 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

یادرہے کہ عدالت نے آج عمران خان کے لیے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے تھے، جس پر وکلا کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی گئی تھی۔

Comments are closed.