صدر کا صوبائی اسمبلیوں کی تاریخ دینے کا اعلان غیر آئینی ہے، وزیر دفاع

57 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے صدر کا صوبائی اسمبلیوں کی تاریخ دینے کا اعلان غیر آئینی ہے، وزیر دفاع کاکہنا تھا ہم آئین میں تعین کی گئی سزا کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان میں پچھلے حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنائی گئی تھی تو صدر نے ایک غیرآئینی قدم اٹھایا تھا۔

انھوں نے یاد دلایا کے صدر کے اقدام کے نتیجے میں قومی اسمبلی ٹوٹ گئی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے بحال کردیا تھا۔

 خواجہ آصف نے کہا آج صدر نے اپنی آئینی اوقات سے تجاوز کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ دے دی ہے، جس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے، اس سے بڑی آئین کی خلاف ورزی کوئی نہیں ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریباً آئین توڑنے کے مترادف ہے کہ ایک شخص جو آئینی عہدے پر بیٹھا ہوا ہے اس کے فرائض آئین میں واضح ہیں، وہ ان سے تجاوز کرکے صوبائی انتخابات کی تاریخ دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہاں اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو ہوسکتا ہے وہ تاریخ دے لیکن صوبائی میں اس کا کیا کردار ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کے ایک کارکن کی حیثیت سے کام کر رہا ہے، ان کو اپنے عہدے کی عزت کا پاس بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا بڑے عہدوں پر لوگ جاتے ہیں ان میں خود بھی بڑائی آجاتی ہے اور اپنی عزت میں اضافہ کرتے ہیں لیکن یہ شخص اپنی عزت اور اس عہدے کی بھی تحقیر کر رہا ہے، جس میں وہ اس وقت فائز ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب بھی غیرآئینی اقدامات کیے جاتے ہیں تو اس کی سزا آئین جو تعین کرتا ہے اس کا حق ہم محفوظ رکھتے ہیں کہ ان کے خلاف وہ کارروائی ہوگی۔

انھوں نے کہاجو شخص ان کا لیڈر ہے، ان کے کہنے پر یہ سارا کچھ کر رہا ہے اور آج وہ عدالت میں پیش ہو رہا ہے جہاں وہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے پیش ہو رہا ہے۔

Comments are closed.