ق لیگ کے تحریک انصا ف میں ضم ہونے کاامکان

45 / 100

فائل:فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خواہش پر مسلم لیگ ق کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا امکان ہے مونس الٰہی اور دیگر رہنما پارٹی انضمام کے حامی ہیں چودھری پرویز الٰہی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ق لیگ کے پی ٹی آئی میں انضمام کی پیش کش کی تصدیق کردی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں مسلم لیگ ق کے ضم ہونے کے معاملے پر چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ق کا اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، جس میں ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان، سینئر رہنما اور سینیٹرز شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ق لیگ کی قیادت پارٹی کے تحریک انصاف میں ضم ہونے یا اپنی علیحدہ شناخت برقرار رکھنے کے معاملے کا جائزہ لے گی۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کو ق لیگ کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی پیش کش کی ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کے حامی ہیں جبکہ مسلم لیگ ق کے سابق ارکان اسمبلی کی اکثریت نے بھی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کی حمایت کردی ہے۔

ادھر چودھری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ق لیگ کے تحریک انصاف میں انضمام کی پیش کش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ق لیگ پی ٹی آئی میں ضم ہو جائے تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ معاملہ الیکشن کمیشن تک نہ جائے۔

وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ نیند کی گولی سے بھی شہباز شریف کو نیند نہیں آنی۔

یاد رہے کہ عمران خان کی پیش کش کے مطابق مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں انضمام سے متعلق حتمی فیصلہ ق لیگ کے پرویز الٰہی کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا،ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا امکان ہے۔

Comments are closed.