ہزارہ سمیت نئے صوبوں پر11 مارچ سے قبل قانون سازی ہو جائے گی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

51 / 100

اسلام آباد: ہزارہ سمیت نئے صوبوں پر11 مارچ سے قبل قانون سازی ہو جائے گی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یہ یقین دہانی سردار یوسف سمیت ہزارہ کے رہنماوں سے ملاقات میں کہی۔

۔چئیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی، مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر، تحصیل چئیرمین بفہ پکھل سردار شاہ خان اور حسین مرتضی جاوید عباسی پر مشتمل وفد نے صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کی سہولت اور آسانی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ایوان بالا کے سربراہ کے طور پر ان کا فرض ہے کہ وہ ہر جگہ کے عوام کی بات سنیں۔

صادق سنجرانی نے کہا صوبہ ہزارہ کا بل انھوں نے کمیٹی کو بھیج دیا تھا اور اب انھوں نے تمام کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ ہزارہ سمیت تمام بل موجودہ پارلیمانی سال ختم ہونے سے پہلے ایوان میں لائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی مفادات کے فیصلوں پر نئی روایت قائم کریں اور سب مل کر فیصلے کریں۔تا کہ ملک میں استحکام آئے۔

وفد نے صوبہ ہزارہ کے مطالبے کو پذیرائی بخشنے پر چئیرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پر پورے ہزارہ کے عوام ان کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی نے چئیرمین سینٹ کو صوبہ ہزارہ کے لیے ہونے والی آئینی جدوجہد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

چئیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف نے چئیرمین سینٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے صوبہ ہزارہ کے مطالبے کو قومی سطح پر آگے بڑھایا۔انھوں نے کہا کہ ہزارہ وہ واحد علاقہ ہے جہاں کے عوام اور قیادت اس مطالبہ پر سو فیصد متفق ہے۔

مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختون خواہ میں 2014 صوبہ ہزارہ کی قرارداد منظور کی اور اس کے بعد 2021 میں سردار محمد یوسف کی قرارداد کی بھی تائید کی۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف ہزارہ کی قیادت اس مسئلے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا حصہ نہیں بنائے گی۔اور اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے بل کی منظوری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

انھوں نے اسپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی مشتاق غنی سمیت ہزارہ تحریک انصاف کی قیادت سے کہا ہے کہ جس طرح تحریک کے آغاز میں وہ ساتھ تھے اب بھی آگے بڑھیں اور سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھ کر اپنی قیادت کو راضی کریں کہ وہ اس پر ایوان میں آئے۔

Comments are closed.