آج پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے،وزیراعظم شہبازشریف

50 / 100

ژوب: وزیراعظم نے صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب میں کہا کہ لوگ یہ خواب لے کر آئے تھے کہ پاکستان میں سب کو ان کے حقوق ملیں گے لیکن ایسا نہیں ہے، آج پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے،وزیراعظم شہبازشریف کا اظہارخیال۔

سما نیوزکی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کہ متذکرہ الفاظ صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب کے دوران کہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بلوچ، پٹھان ،سندھی یا پھر پنجابی، یہ سب کا پاکستان ہے،پاکستان لاکھوں افراد کی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا۔

ملک اس لئے نہیں بنا کہ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوجائے، امیروں کا پاکستان دوسرا اور غریبوں کا پاکستان اور ہو۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس لئے بنا تھا کہ ہر فرد چاہے وہ مسلمان ہو، ہندو ہو، سکھ، عیسائی یا پارسی ہو، کے آئین میں برابر کے حقوق ہیں۔

قائد اعظم نے اپنی 11 اگست 1947 کی تقریر میں یہی فرمایا تھا لیکن اب تک یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 2 ماہ میں افسران نے سیلاب زدگان کے سلسلے میں جو محنت کی وہ قابل ستائش ہے۔

انھوں نے کہا ہمیں تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید اچھے کام کرنے کی ضرورت ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اگر بلوچستان کو فنڈز دیتا ہے تو یہ عوام کا حق ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ ہندستان میں اپنا سب کچھ چھوڑ کر یہ خواب لے کر آئے تھے کہ پاکستان معرض وجود میں آئے گا تو سب کو ان کے حقوق ملیں گے۔

سب اپنی محنت، ایمانداری او دیانت کے بل بوتے پر معاشرے میں اپنا مقام حاصل کریں گے لیکن ایسا نہیں ہے، آج جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔

وزیر اعظم سے اتحاد تنظیمات کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین سے ملنے صحبت پور بلوچستان پہنچے ، اس سے قبل ان سےاتحاد تنظیمات مدارس کے وفد سے ملاقات کی.

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔

دورہ بلوچستان کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحاد تنظیمات مدارس کے وفد سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ملاقات میں علماء کی خدمات کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مدارس معاشرے میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مدارس کو پاکستانی اور اسلامی این جی اوز کا نیٹ ورک کہا جا سکتا ہے.

https://twitter.com/GovtofPakistan/status/1610521434018783232?t=pojFzqvseDKZTdPTRAoi4w&s=19

مدارس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مدارس میں طلباء کو مفت تعلیم، رہائش اور خوارک فراہم کی جاتی ہے، 40 سے 50 لاکھ طلباء مدارس میں زیر تعلیم ہیں.

انھوں نے کہا کہ مدارس میں زیر تعلیم 50 لاکھ بچوں میں نصف طالبات ہیں، ملک بھر کے مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا حکومت کی خواہش ہے اس سماجی خدمت میں مدارس کے ساتھ تعاون کرے، حکومت مدارس میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کرے گی.

Comments are closed.