ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس,ایف آئی اے نے چار پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کرلیا

52 / 100

اسلام آباد: ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینئر پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کی خاتون رہنما ڈاکٹر سیما ضیا کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور محمود الرشید کو اگلے ہفتے 11 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تحقیقاتی ٹیموں کی رہنمائی و کوآرڈینیشن کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر انعام وحید کی سربراہی میں 5 رکنی اسپیشل مانیٹرنگ ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے کراچی میں بھی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی، جس کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینک سرکل رابعہ قریشی کو دی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر سیما ضیا اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بھی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی ہے۔

پی ٹی آئی کو ابراج گروپ سمیت غیر ملکی کمپنیوں سے فنڈنگ موصول ہوئی۔ پی ٹی آئی نے اپنے 16 اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں مس ڈیکلیریشن جمع کرایا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا سرٹیفکیٹ غلط تھا۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔

Comments are closed.