سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی سفارش معطل

52 / 100

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کی جانب سے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی سفارش معطل کر دی۔

قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا۔ سیکرٹری قومی اسمبلی، سیکرٹری پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی و دیگر کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے۔

دوران سماعت سابق چیئرمین نیب کے وکیل نے کہا کہ سروس معاملے سے متعلق چیف جسٹس کا فیصلہ ہے کہ کمیٹی مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس سے متعلق پہلے بھی دو کیسز زیر التوا ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان سے متعلق انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ تو کیا پھر پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کی اس متعلق کارروائی غیر موثر ہوگئی؟ کیا آپ اس حوالے سے بیان دے رہے ہیں کہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کی کارروائی غیر موثر ہو چکی؟ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کر دیں۔

وکیل نے کہا کہ میری درخواست پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کی عہدے سے ہٹانے کی سفارش کے خلاف کی ہے۔

یاد رہے کہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی نے جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی، عدالت نے فریقین سے کیس میں 13 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

Comments are closed.