حکومت کا پیکا قانون کو دوبارہ آپریشنل کرنے کا فیصلہ،سوشل میڈیا آپریٹرز ہدف قرار

50 / 100

اسلام آباد: حکومت کا پیکا قانون کو دوبارہ آپریشنل کرنے کا فیصلہ،سوشل میڈیا آپریٹرز ہدف قرار، یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کے تحت ہراسگی اور کردارکشی پر پیکا 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ، سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کے لیے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کا جائزہ لے گا۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسگی، غیر اخلاقی مواد،بلیک میلنگ اور کردار کشی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اور ایسے جرائم کے ذریعے شہریوں کی ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈیئر (ر) خالد لطیف اور دیگر حکام شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے ورکنگ گروپ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عوامل معاشرے میں انارکی کا سبب بنتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کے لیے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال اور بلاتفریق کردار ادا کریں۔

Comments are closed.