شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت کئی اہم شخصیات کے مقدمات دوسری عدالت منتقل

50 / 100

فوٹو: فائل

لاہور:شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت کئی اہم شخصیات کے مقدمات دوسری عدالت منتقل کردیئے گئے ہیں، لاہور کی سات احتساب عدالتیں مختلف کیسز کی سماعت کررہی ہیں۔

منی لانڈرنگ اور دیگر مقدمات جو منتقل کئے گئے ہیں ان میں خواجہ سعد رفیق اوران کے بھائی کے کیسز بھی شامل ہیں جو کہ پہلے فاضل جج نسیم احمد ورک کی عدالت میں زیر سماعت تھے۔

اب ان کیسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج قمر زمان کرینگے، بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں مزید دو نئے ججز تعینات ہونے کی بنیاد پر کیسز کو ٹرانسفر کیا گیا۔

اس سے قبل پانچ ججز کیسز سن رہے تھے اب پانچ کی بجائے سات عدالتیں سماعت کریں گی،آج احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نے ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست جمع کراتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اسلام آباد جبکہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی اجلاس میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 26 جولائی تک لمبی تاریخ ڈال کر سماعت ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کیا گیاہے۔

Comments are closed.